استنبول:( اے یوایس ) ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔انھوں نے اسپتال کے کمرے میں فلمائی گئی ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ ”ان میں کوویِڈ-19 کی تشخیص ہوئی ہے۔
گذشتہ (جمعہ کی) شب نو بجے کے قریب مجھے بخار ہوا تھا اور میرا جسمانی درجہ حرارت 38 تھا۔ پھر میں اسپتال آگیا تھا اور وہیں رات گزاری ہے۔“انھوں نے مزید کہا” اب میں بہتر ہوں۔مجھے کوئی زیادہ بخار نہیں۔علاج چل رہا ہے اور فی الوقت کوئی ایسی چیز نہیں جس کو طب کی زبان میں منفی قراردیا جاسکے۔
”استنبول کے امریکی اسپتال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”امام اوغلو کو رات 10 بجے داخل کیا گیا تھا۔ان کے نظامِ تنفس کے بالائی حصے میں علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان کا اب علاج چل رہا ہے۔“اکرم امام اوغلو حزب اختلاف کی سیکولر جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔
وہ جون 2019 میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں استنبول کے میئر منتخب ہوئے تھے۔وہ ترک صدر رجب طیب اردغان کے مخالفین میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی جیت کو صدر اور ان کے زیر قیادت حکمراں جماعت انصاف اور ترقی پارٹی (آق) کے لیے ایک بڑا دھچکا قراردیا گیا تھا۔
ان کے انتخاب کے بعد استنبول کی بلدیہ اور ترکی کی مرکزی حکومت کے درمیان ایک طرح سے تناؤ کا ماحول چلا آرہا ہے۔ان کے درمیان امدادی رقوم اکٹھی کرنے کے علاوہ کرونا وائرس کی وبا پر ابتدائی مراحل میں قابو پانے کے معاملے پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔