نئی دہلی: ہندوستان نے خلیجی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے بعد ہندوستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کو کام میں واپس آنے میں مدد کریں۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے تقریباً تمام عرب ممالک کی سرکردہ علاقائی تنظیم ، خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کے ساتھ ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے اس معاملے پر بات کی۔جے شنکر نے خلیجی ممالک کو ہندوستان سے اشیائے خوردونوش ، ادویات اور ضروری اشیا کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ کوویڈ 19 وبا کے دوران بڑی تعداد میں ہندوستانی برادری کے لوگوں کی دیکھ بھال کرنے پر جی سی سی ممالک کا شکریہ ادا کیا۔وزارت نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی ایک بڑی تعداد کام پر واپس آنے کے لئے جی سی سی ممالک واپس جانے پرخواہش مند ہیں۔
انہوں نے جی سی سی قیادت پر زور دیا کہ وہ سفری انتظامات کے ذریعے واپسی میں ان کی مدد کریں۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پچھلے کچھ مہینوں میں ہزاروں ہندوستانی شہری خلیجی خطے سے وطن واپس آئے تھے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اس دوران لیڈران نے باہمی مفادات سے متعلق علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
