واشنگٹن: (اے یوایس ) وہائٹ ہاؤس پریس سکریٹری جین ساکی نے ایک پریس کانفرنس میں اس امر کی تصدیق کی کہ صدر جو بائیڈن گن کنٹرول کے حوالے سے احکامات جاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر بائیڈن سمجھتے ہیں کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ریاستوں کو ساتھ لے کر چلنا ایک بہترین اقدام ہے۔ ان کے بقول اسلحے پر کنٹرول کے بارے میں گزشتہ دو برسوں میں کافی پیش رفت دیکھی گئی ہے۔ اور پہلے ہی 20 ریاستوں نے اسلحہ خریدنے والے کے بیک گراونڈ چیک کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور سات ریاستوں نے اسلحے پر پابندی لگا دی ہے۔
سو قومی سطح پر اس مسئلے سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ڈیموکریٹس گن کنٹرول سے متعلق نئی کوششیں ایسے موقع پر کر رہے ہیں جب گزشتہ پیر کو ایک حملہ آور نے کولوراڈو کے علاقے بولڈر میں ایک گراسری اسٹور پر فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے ایک مسلح شخص نے اٹلانٹا میں مساج پارلرز پر حملہ کر کے آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ جب کہ ورجینیا میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔
امریکہ میں گن کنٹرول سے متعلق حالیہ رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاوس اس بارے میں بھی غور کر رہا ہے کہ گھریلو ساختہ بندوقیں جن پر کوئی سیریل نمبر کنندہ نہیں ہوتا، ان کے رکھنے کے لیے بھی بیک گراونڈ چیک کو لازم قرار دیا جائے اور اگر کوئی شخص اپنے بیک گراونڈ کی وجہ سے بندوق خریدنے کا اہل قرار نہ پائے تو اس کے بارے میں مقامی پولیس کو بھی مطلع کیا جائے۔