نیویارک: امریکی صدر ڈونا لڈ ٹرمپ کے بیٹے نے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کے لئے ٹھیک نہیں ہیں کیونکہ چین کے تئیں ان کا رویہ نرم ہوسکتا ہے۔ٹرمپ جونیئر صدارتی دوڑ کے لئے اپنے والد کی انتخابی مہم کی قیادت کر ر رہے ہیں۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہیں۔نیویارک کے لانگ آئلینڈ پر واقع ہندوستانی امریکی کمیونٹی کے ممبروں سے ٹرمپ جونیئر نے کہا کہ ‘ہمیں چین کے خطرے کو سمجھنا ہوگا اور کوئی بھی شاید اسے ہندوستانی امریکیوں سے بہتر نہیں جانتا ہے۔
انہوں نے یہ بات اپنی کتاب’ لبرل پری ویلیج‘کی کامیابی کے جشن کے لئے منعقد ایک پروگرام میں کہی۔ اس کتاب میں جو بائیڈن کے پریوار ، خاص کر ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کا ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس دوڑ میں حریفوں کو دیکھیں تو آپ کو کیا لگتا ہے کہ چین نے ہنٹر بائیڈن کو 1.5 ارب ڈالر کیوں دیئے کیونکہ وہ ایک اچھا صنعتکار ہے ، یا وہ جانتا ہے کہ بائیڈن خاندان کو خریدا جاسکتا ہے اور چین کے تئیں ان کا رخ نرم ہوگا۔
ٹرمپ جونیئر کا اشارہ نیو یارک پوسٹ میں بائیڈن فیملی کے خلاف حالیہ بدعنوانی کے الزامات کے انکشاف کی طرف تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے وہ ( بائیڈن) ہندوستان کے لئے صحیح نہیں ہے۔