کابل: افغانستان کے نگراں وزیر اعظم ملا حسن اخند نے دنیا بھر کے تمام ممالک خاص طور پر مسلم ملکوں سے پر زور اپیل کی کہ وہ افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم کر لیں۔ واضح ہو کہ افغانستان میں طالبان کو بر سر اقتدار آئے کم و بیش 6ماہ ہو چکے ہیں لیکن دنیا کے کسی ملک نے ابھی اس کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے۔
ملا اخند نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ چونکہ ان کا ملک، جو امداد پر انحصار کیے ہے، اقتصادی طور پر تباہی کے دہانے پر ہے لہٰذا اس کے پیش نظر وہ طالبان کی حکومت کو باضابطہ تسلیم کر کے طالبان حکومت کو تسلیم کیے جانے کا آغاز کریں۔
انہوں نے ملک کے داالخلافہ کابل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ طالبان حکومت نے تمام شرائط تسلیم کر لی ہیں اس لیے اب اسے بھی تسلیم کر لیا جائے۔ اخند نے کہا کہ میں اسلامی ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ اس بات کا انتظار کیے بغیر کہ پہلے دیگر ممالک افغانستان کو تسلیم کریں وہ افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم کرلیں۔
وزیر اعظم محمد حسن اخند نے کہا کہ اگر ملک میں اقتصادی پروگرام لاگو ہوتے ہیں، تو مجھے یقین ہے کہ یہ افغانستان کو موجودہ صورتحال سے نکال سکتا ہے۔قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی نے کہا کہ ان پر یہ واضح ہو گیا ہوگا کہ افغانستان میں ایک ذمہ دار، پرعزم اور باہمی احترام و مشترکہ مفادات میں کام کرنے میںیقین رکھنے والا نظام ہے۔
