نئی دہلی: اداکار اجے دیوگن کی فلم’ سنگھم‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کاجل اگروال رواں ماہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی ہیں۔اداکارہ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ 30 اکتوبر کو ممبئی کے ایک تاجر گوتم کچلو سے شادی کرنے والی ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ کاجل اگروال کے افیئر اور شادی کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں تھیں جو اب سچ ہونے والی ہیں۔قابل غور ہو کہ بالی وڈ اداکاراؤں کا تاجروں سے شادی کرنے کا رجحان نیا نہیں ہے۔
ماضی میں شلپا شیٹھی راج کندرا سے شادی کر چکی ہیں جو ممبئی کے کروڑ پتی تاجروں میں سے ایک ہیں۔اداکارہ جوہی چاولہ نے جے مہتا نامی تاجر سے شادی کی تھی جن کا کاروبار ہندوستان کے علاوہ افریقہ، کینیڈا اور امریکہ تک پھیلا ہوا ہے۔اسی طرح سلینا جیٹلی نے آسٹریلوی تاجر پیٹر ہگ سے شادی کر کے اپنی الگ دنیا بسائی۔ ایشا دیول، آسین، ٹینا منیم، سمیرا ریڈی، عائشہ تاکیہ اور امرتا اروڑا نے بھی گھر بسانے کے لیے تاجروں کا انتخاب کیا۔
اب اس فہرست میں کاجل اگروال کا نام بھی شامل ہونے جا رہا ہے۔کاجل اگروال نے منگل کو اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ وہ 30 اکتوبر 2020 کو گوتم سے ممبئی میں شادی کر رہی ہیں۔ شادی کی تقریب میں مہمان کم اور زیادہ تر خاندان کے قریبی لوگ ہی شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ وبائی مرض کے سبب پہلے ہی ان کی خوشیوں پر سنجیدگی کا سایہ ہے۔ لیکن نئی زندگی کا آغاز کرنے پر وہ خوش بھی ہیں۔کاجل نے اپنی پوسٹ میں اس بات کا بھی برملا اعلان کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد بھی فلموں میں کام کرتی رہیں گی۔