Kanye West declares he will run for US president in 2020تصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:مشہور ومعروف امریکی ریپر، گلوکار، انٹرپرینیور، پروڈیوسر اور دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں شامل 43 سالہ کانیے ویسٹ نے رواں سال ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی امریکہ کی معروف شوبز و فیشن کی شخصیات صدارتی انتخابات کے لیے میدان میں اترتی رہی ہیں۔جب کہ کانیے ویسٹ خود بھی متعدد بار یہ عندیہ دے چکے تھے کہ وہ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ طور پر میدان میں اتریں گے۔تاہم انہوں نے رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات سے محض 4 ماہ قبل انتخابی دنگل میں اترنے کا اعلان کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کانیے ویسٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا اور گلوکار کے اعلان پر ایلون ماسک جیسی معروف شخصیات نے انہیں ساتھ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔کانیے ویسٹ نے 5 جولائی کی صبح کو اپنی ٹوئٹ میں امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمیں خدا پر یقین کرتے ہوئے، اپنے وژن پر فوکس کرتے ہوئے بہتر امریکہ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدارتی انتخابات 2020 لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی جھنڈے اور وڑن 2020 کے ہیش ٹیگ کا استعمال بھی کیا۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی بات مذاقاً کہی یا وہ واقعی اس بار اپنے پسندیدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور حریف جوبائیڈن کے خلاف میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

امریکی صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہونے ہیں اور انتخابات میں آزاد امیدواروں کی متعدد ریاستوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 جولائی 2020 تھی، تاہم اب بھی کئی ریاستوں میں بطور آزاد امیدوار کے رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *