کراچی:(اے یو ایس ) کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم دھماکے میں میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 شدید زخمی ہو گئے ۔ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کراچی کے ترجمان نے بتایا کہ گارڈن میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر میں تقریباً سوا 11 بجے دستی بم دھماکا ہوا۔انہوں نے کہا کہ دستی بم دھماکا اسلحہ خانے میں اس کے معائنے کے دوران ہوا جس میں پولیس کانسٹیبل شہزاد اور صابر کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ سینیئر اسنپکٹر سعید اور پولیس کانسٹیبل علی گوہر زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے ۔
اسی دوران بم ڈسپوزل اسکوڈ ( بی ڈی ایس)نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ تیارکر لی ۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق رپورٹ میں تایا گیا کہ اسلحہ خانہ میں ایک اور دھماکہ ہوسکتا تھا لیکن بی ڈی ایس نے بروقت کارروائی کر کے وہاں رکھے دوسرے بم کو ناکارہ کر دیا۔یہ بم روسی ساخت کا تھا۔ جائے وقوعہ سے ایک لیور بھی برآمد ہوا ہے۔رپورٹ پولس عہدیداروں کو سونپ دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ پھٹنے والا بم 500گرام کا تھا۔
جائے وقوعہ کا دورہ کرنے والے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سینئر اہلکار راجا عمر خطاب نے بتایا کہ دھماکا انچارج آرمری کے دفتر کے باہر ہوا جہاں اسلحہ رکھا جاتا ہے اور ڈیوٹی کے لیے پولیس اہلکاروں کو دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پولیس اہلکار کے ہاتھ میں دستی بم تھا جو پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے، انہوں نے کہا کہ معجزانہ طور پر وہاں موجود ایک اور دستی بم نہیں پھٹا۔انسداد دہشتگردی فورس کے افسر نے کہا کہ بظاہر یہ واقعہ کسی دہشت گردی کے سبب نہیں بلکہ دستی بم سنبھالنے میں لاپرواہی کے نتیجے میں پیش آیا۔
