نئی دہلی: 24فروری 2018کو محض 54سال کی عمر میں دنیا کو خیر باد کہہ دینے والی معروف اداکارہ شری دیو ی کے فلمی کیرئر اور ذاتی زندگی پر مبنی کتاب ’ شری دیوی: دی ایٹرنل اسکرین گوڈیسس‘ کا گزشتہ روز ممبئی میں اجراءکیا گیا۔
اس موقع پرکتاب کا اجراءخود کو شری دیوی کے سب سے بڑے مداح کہنے والے بالی وڈ کے مشہور فلمساز کرن جوہر کے ہاتھوں ہوا ۔
اس دوران کرن جوہر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں شری دیوی کا بہت بڑا مداح رہاہوں اور آنجہانی اداکارہ کی مشہور فلموں کے گانوں پر رقص کیا کرتا تھا ، میں ساؤتھ بامبے ( جہاں 80کی دہائی تک لوگوں میں ہندی فلمیں دیکھنے کا مشغلہ نہیں تھا) میں پرورش پانے کے باوجود بچپن سے ہی وہ ہندی اور سری دیوی کی فلمیں خوب دیکھا کرتے تھے اور اس طرح سے سنیما کے تئیں ان کی دیوانگی میں سری دیوی کا بڑا رول رہا ہے۔ اس استفسار پر کہسری دیوی کو کسی فلم میں ڈائریکٹ کرنے کے غیر حقیقی موقع کی بات پر کرن جو ہرنے کہا کہ ’ میں نے کبھی بھی اس کا تصور نہیں کیا ، میرا بچپن انہیں چاہنے ، دیکھنے اور قریب سے محسوس کرنے میں اس قدر سرشار تھا کہ میں انہیں ہدایت کرتے وقت پوری طرح سے اپنی معروضیت کھو دیتا ۔
کرن جوہر نے مزید کہا کہ ’ میں انہیں شائد اس قدر کچھ زیادہ کرنے کے لئے دے دیتا ، جو ان کے کردار کی ضرورت سے کہیں زیادہ ہوتا اور نتیجے کے طور پر شائد اس کا فلم پر کافی برا اثر ہوتا، میں اس بات کا قطعی قائل نہیں رہا کہ میں ان کے لئے ایک بہترین ہدایت کار ثابت ہوتا کیونکہ میں انکا بڑا فین رہا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ ہدایت کو کہیں نہ کہیں معروضی ہونے کی ضرورت ہو تی ہے۔مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مجھے کبھی بھی سری دیوی کو ڈائریکٹ کرنے کا موقع نہیں ملا ، ورنہ وہ فلم یقینا ایک ناکام فلم ثابت ہوتی ، جس کی وہ قطعی مستحق نہیں تھیں۔
کرن نے آگے کہا کہ ’ سری دیوی کی فلمی شخصیت سے وہ ہمیشہ سے ہی متاثر رہے ہیں اور ایک ہدایت کار کے طور پر جب فلم ’ کلنک‘ میں شری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا موقع آیا ،تو فلم سے وابستہ ساری تیاریاں ہو جانے کے بعد محض چند مہینے قبل ہی شری دیوی اس دارفانی کوالوادع کہہ گئیں۔ انہوںنے کہا کہ اپریل 2018میں فلم کلنک کی شوٹنگ شروع ہونی تھی اور شری دیوی جی کا دو مہینے پہلے یعنی فرروی میں انتقال ہوگیا ۔
کرن نے کہا کہ ’شری دیوی کے ساتھ کبھی کام کرنا میرا ایک بہت بڑا خواب تھا ،ان کے گزر جانے کے بعد کئی مہیونوں تک ہم نے ’ کلنک’ میں ان کی جگہ پر کسی اور کو لینے کے بارے میں نہیں سوچا ، اس کے بعد ہم نے مادھوری دکشت کو اس رول کی پیشکش کی ، جنہوں نے بہت ہی شائستہ انداز میں اس پیشکش کو قبول کرلیا ، یہی سری دیوی کو خراج عقیدت دینے کامادھوری کا سب سے بہترین طریقہ تھا۔