ممبئی: (اے یو ایس ) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کورونا وائرس پازیٹو پائی گئیں۔ کرینہ کے ساتھ ان کی خاص دوست اور اداکارہ امرتا اروڑہ بھی کورونا پازیٹیو پائی گئی ہیں۔ پیر کو دونوں اداکاراو¿ں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آ گئی ہے، جس میں دونوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ حال ہی میں کرینہ نے اپنی گرل گینگ کے ساتھ ایک پارٹی کی تھی۔
اس پارٹی میں کرینہ کے ساتھ ان کی بہن کرشمہ کپور، ملائیکہ اروڑہ، پونم دمانیہ، مسابا گپتا اور امریتا اروڑہ بھی موجود تھیں۔کرینہ اور امرتا نے کورونا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر منظر عام پر وائرل ہوئی تھیں لیکن اب ان دونوں کے کورونا مثبت ہونے کی خبروں کے بعد بالی ووڈ انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے بھی کرینہ اور امرتا کے رابطے میں آنے والے لوگوں سے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانے کو کہا ہے۔بی ایم سی اب ان لوگوں کا سراغ لگا رہی ہے جنہوں نے اداکاراؤں کے ساتھ پارٹی کی تھی یا کسی طرح دونوں اداکاراؤں کے ساتھ رابطے میں آئے تھے۔
حالیہ دنوں میں کرینہ کو اپنے گرل گینگ کے ساتھ پارٹی کرتے دیکھا گیا تھا۔ جس کی تصاویر بھی کرینہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ حالانکہ اداکارہ کی جانب سے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
