سری نگر: (اے یوایس)وادی کشمیر میں اس موسم کی زبردست برفباری ہوئی، جس کی وجہ سے جموں وکشمیر کا ملک کے دوسرے حصوں سے فضائی و خشکی رابطہ منقطع ہوگیا۔ٹرین سروس بھی برفباری کی وجہ سے معطل کرنی پڑی۔ منگل کی شب سے ہی وادی میں برفباری شروع ہوئی اور ابھی تک جاری رہی۔
سیاحتی مقامات گلمرگ،پہلگاؤں اور لوس مرگ میں دوفٹ برف جمع ہوگئی جب کہ سری نگر میں بھی 10انچ سے زیادہ برف ریکارڈ کی گئی۔سری نگر-جموں قومی شاہراہ بندکردی گئی اور سینکڑوں گاڑیاں بانہال اور مختلف مقاموں پر پھنس گئی۔ سری نگر شہر اور گرد ونواح کے علاقے بجلی سے محروم ہوگیا کیونکہ کئی جگہ پاور ٹرانسمیشن کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے بجلی سپلائی متاثر ہوگئی۔تازہ برفباری سے درجہ حرارت میں بھی کافی کمی آگئی ہے۔
حکومت نے بجلی سپلائی کو فراہم کرنے کے لیے اہلکاروں کو مختلف مقامات پر بھیج دیا ہے۔اس کے علاوہ برف ہٹانے کی مشینوں کو بھی اہم شاہراہیں پر برف ہٹانے کے کام پر لگایاگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے مختلف علاقوں میں کل تک برف باری ہونے کے مزید امکانات ہے۔سری نگر کے لیے فضائی سروس معطل کردی گئی ہے۔آج سویرے بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔یونیورسٹی کے تمام امتحانات کو ملتوی کیاگیا۔ہوائی اڈے پر برف صاف کرنے کی مشین کو تعینات کیاگیا لیکن وہاں پروازیں شروع کرنے پر کوئی فیصلہ نہیں لیاگیا۔کچھ مقامات پر درخت بھی گر گئے جس کی وجہ سے لوگوں کو چلنے میں دشواریاں پیدا ہوئی۔مشہور جھیل ڈل کے کنارے سیاح برفباری کا لطف اٹھارہے تھے۔