ریاض: (اے یو ایس ) قازقستان کے صدر قاسم جومرت توقیف نے خادم حرمین شریفین و فرمانروائے سعودی رب شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی دعوت پرمملکت کا سرکاری دورہ کیا جہاں اتوار کے روز جدہ میں ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزنے معزز مہمان کا استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں نے ہر دو ملک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے علاوہ دلچسپی کے ماور امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ان دو طرفہ مذاکرات میں سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، نیشنل گارڈز کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سمیت اعلی سعودی حکام بھی موجود تھے۔جبکہ قازقستان کے صدر کے ساتھ مذاکرات میں ان کی معاونت کے لیے ان کے نائب وزیر اعظم اور قازق وزیر خارجہ مختار تلو بیردی، صدارتی دفتر کے اول نائب چیف تیمور سلیمانوف، وزیر تجارت بخت سلطانوف اور وزیر توانائی بولات اکشولکوف سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری حکام بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوان دونوں رہنماؤں نے تجارت، اقتصادیات اور سرمایہ کاری میں تعاون پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال کیا۔شہزادہ بن سلمان نے قازقستان کے زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی کمپنیوں کی دلچسپی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ عالمی غذائی بحران کے پیش نظر خاص طور پر غیر معمولی حیثیت کا حامل ہے۔