بغداد:(اے یو ایس)گذشتہ صدی کی 1930ءکی دہائی میں سیاہ رنگ کی ایک مرسڈیز بینز کے 770 کے جو عراق کے شہزادہ فیصل کے استعمال میں تھی انٹرنیٹ پر ایک امریکی نیلام میں25لاکھ55ہزار555ڈالر میں فروخت ہو گئی۔ یہ مرسڈیز شہزادہ فیصل نے 1930ءمیں خریدی تھی اور پھر اسے حکومت کی سرکاری سرگرمیوں میں استعمال کیا۔ بعد ازاں 1933ءمیں وہ 48 برس کی عمر میں فوت ہو گئے تو ان کے بیٹے شاہ غازی نے اس گاڑی کو اسی مقصد کے واسطے استعمال کیا۔ اس کے بعد پھر یہ گاڑی ان کے پوتے شاہ فیصل دوم کے استعمال میں رہی۔
مذکورہ گاڑی 1958ءمیں بیروت منتقل کر دی گئی تھی۔ یہ شاہ فیصل الثانی کے قتل سے چند ماہ پہلے کی بات ہے۔ بعد ازاں اسے عراقی حکام کو واپس کر دیا گیا اور وہ بغداد میں رہی۔ سال 1967ءمیں انڈیاناپولس موٹر اسپیڈ وے فاو¿نڈیشن نے اس گاڑی کو خرید کر پھر سے بیروت پہنچا دیا۔ اس کے بعد گاڑی کو کارگو کے ذریعے انڈیانا پولس بھیج کر وہاں نمائش میں پیش کیا گیا۔
مرسڈیز کمپنی نے 1930ءسے 1938ءکے درمیان اس ماڈل کی صرف 117 گاڑیاں تیار کی تھیں۔ مذکورہ گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ پر بغداد – 83807 لکھا ہوا تھا۔ اس کی خصوصیات میں اونچی کی جانے والی چھت ، 7.7 لیٹر کا انجن اور تین رفتاروں کا ہینڈ گیئر شامل ہے۔حالیہ آن لائن نیلام میں اس گاڑی کی اب تک سب سے زیادہ موصول ہونے والی بولی کی رقم 1655500 امریکی ڈالر ہے۔
