ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعہ کی شب شاہی فرامین جاری کیے ہیں جن کے بموجب کئی وزیروں کو ان کے عہدوں سے سبکدوش کر کے ان کی جگہ نئی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
شاہی فرمان کے تحت مملکت میں وزیر صحت کے عہدے پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹر توفیق بن فوزان بن محمد الربیعہ کو وزارت صحت سے ہٹا کر ان کی جگہ فواد بن عبدالرحمن بن داحس الجلاجل کو نیا وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے۔
شاہ سلمان کے رات گئے جاری کردہ فرمان کی روشنی میں عبدالعزیز بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز العرےفی کو معاون وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے عہدے سے سبکدوش کر کے کابینہ کی جنرل کونسل سیکرٰٹریٹ میں سینئر مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
شاہی فرمان کی روشنی میں مملکت کے شہروں نبع، ملج، الوجی اور ضباء. میں ترقیاتی کاموں کے لیے مجاز اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ایک علیحدہ شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل مطلق بن سلیم العظیمہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انہیں سعودی عرب کی تینوں مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔