ریاض:(اے یو ایس ) شاہ سلمان انسانی امداد و راحت کاری مرکز(کے ایس ریلیف) نے بین الاقوامی سطح پر انسانی امداد کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔مرکز نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو رواں سال 2021 میں ماہ اگست تک کے اعداد و شمار سے آگاہ کیا۔
ان کے مطابق مرکز نے مختلف شعبوں سے متعلق 49 ممالک میں 174 منصوبے پیش کیے۔ ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 46.72 کروڑ ڈالر ہے۔رواں سال کے دوران میں یمن کو 33، پاکستان کو 19، صومالیہ کو12، میانمار کو 2، شام کو 8، سوڈان کو 20، بنگلہ دیش کو 6، چاڈ کو 3، کیمرون کو 2، فلسطین کو 8، نائجیریا کو 3، جیبوتی کو 3، تاجکستان کو 2، لبنان کو 2، ویتنام کو 3، کینیا کو 1، سینیگال کو 3، مالی کو 3، ماریشس کو 3، البانیہ کو 2، جنوب افریقہ کو 2، کرغستان کو 1، ملاوی کو 1، اردن کو 3، ،موریطانیہ کو 2، نائیجر کو 2، انڈونیشیا کو 1، اریٹیریا کو 1، افغانستان کو 1، سری لنکا کو 1، فلپائن کو 1، بوسنیا ہرزے گوینیا کو 1، ازبکستان کو 1، بلغاریا کو 1، بورکینا فاسو کو 1، تنزانیہ کو1، ٹوگو کو 1، گیمبیا کو 1، زیمبیا کو 1، گھانا کو 1، لائبیریا کو 1، مدغاسکر کو 1، ملیشیا کو 1، آذر بائیجان کو 1 اور مالدیپ کو بھی 1 منصوبہ پیش کیا گیا۔شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے متعدد دیگر انسانی پروگراموں پر بھی عمل درامد جاری ہے۔
ان میں یمن میں جنگ سے متاثرہ بچوں کی ذہنی بحالی کا پروگرام شامل ہے۔ اس پروگرام سے 530 بچے اور بالواسطہ طور پر بچوں کے 60560 سرپرست مستفید ہوئے۔اسی طرح یمنی اراضی کو دھماکا خیز مواد سے پاک کرنے کا پروگرام ہے۔ اس کے تحت ستمبر 2021 کے دوران اب تک 1351 بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دی گئیں۔ منصوبے کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 273954 بارودی سرنگوں کو ناکارہ کر دیا گیا۔شاہ سلمان مرکز کے پروگراموں میں مملکت کے اندر پناہ گزینوں کے حوالے سے بھی ایک منصوبہ شامل ہے۔
سعودی عرب کا شمار دنیا بھر میں سب سے زیاد ہ پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ ان پناہ گزینوں کو مملکت میں مفت علاج اور تعلیم کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔ سعودی عرب کے اندر پناہ گزینوں کا تناسب مجموعی آبادی کا 5.5% ہے۔ اس منصوبے سے 3 ممالک یمن ، شام اور میانمار (روہنگیا) کے افراد نے استفادہ کیا ہے۔
