سالسبرگ:لیور پول کے منیجر جرگن کلاپ نے سالسبرگ کے خلاف ایک اہم میچ میں مصری در آمد محمد صلاح حامد محروس غالی کے شاندار گول پر ان کی زبردست تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں گول کرنے کے کئی آسان مواقع گنوا دینے کے بوجود جس طرح فارورڈ صلاح غالی نے اپنے اوسان برقرار رکھتے ہوئے نہایت مشکل زاویہ سے گول کر کے دفاعی چمپین کو چمپینز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلہ میں پہنچایا وہ زبردست قابل ستائش ہے۔
اس گول کی مدد سے لیو رپول نے سالسبرگ کو2-0سے شکست دے کر گروپ ای کا فاتح بنا دیا تھا۔ صلاح نے اپوزیشن کے گول کیپر کو چکمہ دے کر کافی مشکل زاویہ سے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور2-0کر دیا تھا۔ پہلا گول مڈ فیلڈرنابی کیٹا نے کیا تھا۔
کلاپ نے کہا کہ صالح نے واقعتاً بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اگرچہ عام طور پر جن حالات میں ہم اس سے گول کرنے کی توقع رکھتے رہے ہیں آج جب ویسے ہی حالات سامنے آئے تو وہ گول نہیں کر سکا لیکن گول کرنے کی کوشش برقرار رکھی اور ایک فیصلہ کن اور بہت مشکل گول کر دیا۔ ان کے اس گول کو بلا شبہ ان کے اب تک کے کیے گئے تمام گولوں میں سب سے بہترین گول کہا جا سکتا ہے۔
کلاپ نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ ”اپنی توجہ مرکوز رکھنا،اگلے لمحے میں یقین رکھنا،یہ بہترین تھا۔ ایک بہت بہت مشکل گول لیکن سنسنی خیز اختتام“۔ صلاح کا یہ گول اس سیزن میں لیور پول کے لیے 11واں گول تھا۔جس سے کلب کے لیے چمپینز لیگ میں ان کے گول کی مجموعی تعداد20ہو گئی۔