ریاض: (اے یو ایس ) سعودی عرب کے امدادی گروپ ‘شاہ سلمان امداد اور ریلیف سنٹر نے گزشتہ روز اردن کی تنظیم شاہ حسین کینسر فاﺅنڈیشن کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے نتیجے میں شامی مہاجرین اپنا علاج اردن میں کروا سکیں گے۔شاہ سلمان فاﺅنڈیشن کے اسسٹنٹ سپروائزر جنرل برائے آپریشنز انجینئر احمد بن علی البیز اور اردنی تنظیم کی ڈائریکٹر نسرین قطامیش نے 1?33 ملین ڈالر کے معاہدے پر عمان میں سعودی سفارتخانے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر اردن میں سعودی عرب کے سفیر نائف السدیری، شاہ سلمان ریلیف کے برانچز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر مبارک الدوسری اور اردن میں شاہ سلمان ریلیف کے ڈائریکٹر سعود الحزیم بھی موجود تھے۔
شاہ سلمان ریلیف اور شاہ حسین کینسر فاﺅنڈیشن کے درمیان اشتراک کی بنیاد 2018 میں ڈالی گئی اور اب تک کئی کینسر مریضوں بالخصوص یمنی اور شامی مہاجرین کے علاج کے لئے سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔اس معاہدے کے ذریعے سے شاہ سلمان ریلیف کی جانب سے شامی مہاجرین کو علاج کے لئے بہتر اور مکمل سہولیات فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائے اور علاج کی سہولت پانے والے کینسر مریضوں کی تعداد بڑھائی جائے۔