نئی دہلی: یہاں موصول سرکاری اطلاع کے مطابق اتراکھنڈ کے ہریدوار میں مہاکمبھ میلے میں شرکت کے لئے آنے والے 30 سادھو کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ان میں آل انڈیا اکھاڑا پریشد کے مہنت نریندر گری بھی شامل ہیں ، جنہیں علاج کے لئے ایمس ریشیکیش میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسی دوران ، مدھیہ پردیش کے مہا نیروانی اکھاڑا سے وابستہ سوامی کپل دیو کی دہرادون کے ایک نجی اسپتال میں کورونا وائرس کے علاج کے دوران موت ہو گئی۔
انہیں رشی کیش سے دہرادون ریفر کیا گیا۔ کنبھ میلے کے دوران کورونا وائرس کی بگڑتی صورت حال کو دیکھتے ہوئے نرنجنی اکھاڑا نے ہفتہ کو کمبھ سے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاکمبھ مزید دو ہفتوں تک چلنے والا ہے۔گذشتہ5روز کے دوران ہر دوار میں کنبھ میلے میں اب تک 2ہزار 167افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
ہری دوار چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ایس کے جھا نے بتایا کہ میڈیکل ٹیمیں اکحاروں کا دورہ کر رہی ہیں اور سادھوؤں کے آر ٹی اور پی سی آر ٹیسٹ تسلسل سے کیے جارہے ہیں۔واضح ہو کہ اترا کھنڈ کے وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے کچھ روز پہلے ہی یہ کہا تھا کہ دہلی کے نظام الدین مرکز اور ہری دوار میں کنبھ کے درمیان کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ تبلیغ دین کا مرکز بند مقام ہے اور کنبھ میلہ کھلے مقام پر ہو رہا ہے۔
