Lebanese PM welcomes Saudi Arabia decision to restablish diplomatic tiesتصویر سوشل میڈیا

بیروت:(اے یو ایس ) لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے سعودی عرب کی جانب سے لبنان میں اپنے سفیر کی واپسی کے اعلان کو سراہا ۔میقاتی نے اپنے ٹویٹر اکاؤٹ پر کہا کہ ہم سعودی عرب کی طرف سے لبنان میں اپنے سفیر کی واپسی کے فیصلے کو سراہتے ہیں اور ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ لبنان کو اپنی عرب وابستگی پر فخر ہے۔ ہم خلیجی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کی پاسداری کے خواہاں ہیں اور لبنان کو عرب دنیا کا دست وبازو سمجھتا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے لبنان میں سعودی سفیر کی واپسی کا اعلان کیا گیا تھا۔سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے وزارت خارجہ کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ لبنان میں اعتدال پسند قومی سیاسی قوتوں کی اپیلوں کے جواب اور لبنانی وزیر اعظم کی جانب سے سعودی عرب اور دیگر تمام خلیجی ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے اور مملکت اور دوسرے عرب ملکوں کے خلاف مکروہ سیاسی اور عسکری سرگرمیوں کو روکنے کی یقین دہانی کے بعد کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت جمہوریہ لبنان کی عرب دنیا کے ساتھ گہرے تعلقات کی واپسی کی اہمیت پر زور دیتی ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ لبنانی قوم کی ترقی، خوشحالی اور ملک کے استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سعودی عرب اور لبنان کے درمیان تعلقات حال ہی میں خراب ہوئے تھے اور مملکت نے گذشتہ اکتوبر میں بیروت سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا اور لبنانی سفیر کو ریاض چھوڑنے کو کہا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *