ایڈیلیڈ:پہلی اننگز میں فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اور دوسری اننگز میں آف اسپنر ناتھن لیون کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور48رنز سے شکست دے دی۔اننگز کی ہار سے بچنے کے لیے پاکستان کو 287رنز کی ضرورت تھی لیکن اس کی پوری ٹیم 82اووروں میں239پر ہی آؤٹ ہو گئی۔

اگرچہ شان مسعود اور اسد شفیق کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 103رنز کی پارٹنر شپ سے امید پیدا ہو چلی تھی کہ شاید پاکستان اس بار اننگز سے ہار کو ٹالنے میں کامیاب ہو جائے گالیکن 154تک پہنچتے پہنچتے جب پاکستان کی نصف ٹیم پویلینلوٹ گئی تو ایک بار پھر پاکستان پر اننگز کی ہار کے بادل چھا نا شروع ہو گئے جو وقفہ وقفہ وے وکٹ گرنے کے ساتھ ہی گھنے ہوتے چلے گئے اور آخر کار جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے یاسر شاہ بھی 221مجموعے پر لیون کا شکار ہو گئے تو رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں ۔پاکستان کی طرف سے افتتاحی بلے باز شان مسعود127گیندوں پر 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسد شفیق نے 112گیندوں کا سامنا کیا اور5چوکوں کی مدد سے57اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے 103گیندوں پر 45رنز بنائے اور چار چوکے لگائے۔افتخار احمد نے70بالوں پر 27رنز بنائے۔کپتان اظہر علی اور امام الحق دوسری اننگز میں بھی ٹیم کو کوئی تعاون نہیں دے سکے جبکہ پہلی اننگز میں 3رنز کے فرق سے سنچری بنانے سے چوک جانے والے پاکستانی بیٹنگ کی ریڑھ کی ہڈی بابر اعظم بھی اس اننگز میںناکام رہے اور صرف8بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے لپک لیے گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے لیون نے5وکٹ لیے جبکہ ہیزل ووڈ نے تین اور اسٹارک نے ایک وکٹ لی۔ آسٹریلیا کی واحد اننگز میں ٹریپل سنچری بنانے والے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز 3وکٹ پر 589رنز بنا کر ڈکلیر کر دی تھی۔ جس میں وارنر39چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ335رنز بنا کر غیر مفتوح رہے تھے۔ لبوس چاگنے نے 238گیندوں پر 22چوکں کی مدد سے162رنز بنائے۔اسمتھ 36رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں پاکستان نے یاسر شاہ کی شاندار 113رنز اور بابر اعظم کی 97رنزکی اننگز کی مدد سے 302رنز بنائے لیکن ٹیم فالو آن سے نہ بچ سکی۔ آسٹریلیا کی طر ف سے اس اننگز میں اسٹارک نے6اور کمنز نے تین وکٹ لیے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *