Mafia using pandemic for their unholy objectives: Pope Francisتصویر سوشل میڈیا

واشنگٹن: (اے یو ایس)رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے لوگوں سے مافیا اور دیگر منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایسے گروپوں پر ’وبا کا ناجائز فائدہ‘ اٹھانے کا الزام لگایا ہے۔

رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اتوار کے روز منظم جرائم کے نیٹ ورک اور بالخصوص کورونا وائرس کی وبا کو اپنی مجرمانہ سرگرمیوں میں توسیع کے لیے استعمال کرنے والوں کی مذمت کی۔

انہوں نے دنیا بھر میں پینے کے صاف پانی تک لوگوں کی رسائی کو بہتر بنانے کی بھی اپیل کی۔اپنے ہفتہ وار خطاب کے دوران پوپ فرانسس نے دنیا بھر کے لوگوں سے منظم جرائم کے خلاف متحد ہوجانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ”مافیا دنیا کے مختلف حصوں میں موجود ہے اور وبا کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ وہ بدعنوانی کے ذریعہ اپنی جھولیاں بھر رہے ہیں۔“گزشتہ اتوار کو اٹلی میں مافیا کے متاثرین کو یاد کرنے کا دن بھی منایا گیا۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا، ”یہ نیٹ ورک، مافیا کے ڈھانچے،گناہوں کی انجمن ہیں۔ یہ انجیل کی تعلیمات کے منافی ہیں۔آج ہم ان متاثرین کو یاد کررہے ہیں اور مافیا کے خلاف اپنے وعدوں کا اعادہ کرتے ہیں۔“

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *