ممبئی: ممبئی سمیت مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مانسون کی پہلی بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ممبئی کے ساتھ ساتھ اس کے اطراف کے اضلاع میں بھی زبردست بارش ہوئی جس سے متعدد نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ مانسون کی پہلی بارش سے مختلف مقامات پر پانی بھر گیاجس سے عام زندگی متاثر رہی ،ریلوے کی لوکل خدمات بھی متاثر ہوئیں۔
تاہم کوویڈ 19-کے حوالے سے ہدایات کے پیش نظر عوام کی اکثریت گھروں تک ہی محدود تھی اس لیے پریشانیوں سے بچی رہی۔تاہم شام ہوتے ہوتے بارش کا زور کم ہونے لگا جس سے اپنے ضروقری کاموں سے باہر نکلنے والے ممبئی والوں کو راحت ملی۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ جینتا سرکارنے مانسون کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی خبر ہے اورجنوب مغربی مانسون ممبئی، تھانے اور پالگھر میں 9 جون کو دستک دے چکا ہے۔مانسون کے ولساڑگجرات ،ناگپور مہاراشٹرا اور پھر مشرقی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے۔اور آئندہ چند روز میں پورے زور شور کے ساتھ پوری ریاست پر حملہ آور ہونے والا ہے۔
