دہرہ دون(اترا کھنڈ): 2018کے بورڈنگ اسکول اجتماعی جنسی زیادتی کیس میں ایک پاسکو عدالت نے اصل مجرم کو عمر قید اور اسکول ڈائریکٹر کو 9سال کی سزا سنائی۔
اسپیشل پاکسو جج رما پانڈے نے اس سنسنی خیز اجتماعی آبرو ریزی کیس میں مجوعی طور پر8مجرموں کو سزا سنائی۔ جن افراد کو سزا سنائی گئی ہے ان میں اصل مجرم سربجیت کے علاوہ اسکول ڈائریکٹر لتا گپتا، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر دیپک ملہوترہ اور اس کی بیوی تنو بھی شامل ہے۔
ان تینوں کو 9,9سال کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ جبکہ دیگر تین کو جو نابالغ تھے انہیں ڈھائی ڈھائی سال قید کی سزا ملی ہے۔ان سب کو بورڈنگ اسکول کی عزت بچانے کے لیے معاملہ کی پرد ہ پوشی کا مجرم پایا گیا۔
اسکول انتظامیہ پر دس لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا۔پاکسو جج نے حکم دیا کہ تینوں نابالغوں کو محکمہ نابالغان کو سونپ دیا جائے۔
سربجیت اور تین دیگر ایک کمسن طالبہ کو،جو اسکول ہاسٹل کی اقامتی تھی،اگست2018میں ، جھاڑیوں میں لے گئے اور وہاں اس سے اجتماعی جنسی زیادتی کی۔اس واردارت کا اس وقت پردہ فاش ہوا جب وہ بچی حمل سے ہوگئی۔