کوالالمپور: مسلم ممالک کے سربراہوں اور رہنماؤں کے ایک اہم اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے ملیشیا کے وزیر اعظم ماٰثر محمد نے عالم اسلام کی ناگفتہ بہ حالت پر اظہار افسوس کیا اور اجلاس منعقد کرنے کادفاع کیا ۔
انہوں نے کہا کہ کوالالمپورچوٹی اجلاس کا مقصد اس بات کو سمجھنا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ اسلام، مسلمان اور ان کے ممالک کیوں پریشان، بے یار و مددگار اور بے وقعت ہیں۔
ماٰثر نے مزید کہا کہ یہ اجلاس اسلام کے حوالے سے دنیا کے خیالات ،بڑھتی اسلام دشمنی ،اسلامی تہذیب و ثقافت کا زوال اور مسلم ممالک کے لیے ضروری حکمرانی میں اصلاحات جیسے امور پر غور کرنے کے لیے بلایا گیا ہے۔
اس کانفرنس میں ملیشیا نے تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کے تمام 57رکن ممالک کو مدعو کیا تھا لیکن ان میں سے صرف20ممالک نے اپنے رہنما یا وفد بھیجے۔
خادم حرمین شریفین اور فرمانروائے سعودی عرب شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کا شرکت سے انکار اور سعودی عرب کی ہدایت پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کانفرنس میں شرکت سے اظہار معذوری سے میزبان ملک کو حساس رشتے داؤ پر لگتے نظر آرہے ہیں۔
سعودی عرب نے اس کانفرنس سے دوری اختیار کی اور اسلامی تعاون تنظیم نے بھی اس پر تنقید کرتے ہوئے ا سے او آئی سی کا رتبہ کم کرنے کی کوشش بتایا۔