مالے: مالدیپ نے کوویڈ19-وبا سے نمٹنے کے لیے ہندوستان کی جانب سے کی گئی مالی امدا د پر شکریہ ادا کیا ہے۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد اللہ شاہد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منگل کے روز تقریر کرتے ہوئے کورونا وائرس مرض سے نمٹنے کے لیے250ملین ڈالر سے مدد کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی ہندستانی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا ”میں اس بحران کے دوران مالدیپ کی مالی، مادی اور تکنیکی مدد کرنے پر مالدیپ کے تمام رفقاءکا ،جو کہ خود بھی اس آزمائشی دور سے گذر رہے ہیں،شکریہ ادا کرتا ہوں۔“ انہوں نے ایسی ایک مثال ہندوستان ہے۔ حالیہ250ملین امریکی ڈالر سے مدد اس وبا کے دوران کسی ایک عطیہ دہندہ کی جانب سے سب سے بڑی مالی مدد ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں ہندوستان نے مالدیپ کے دارالخلافہ مالے میں منعقد ایک تقریب میں مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد الشاہد ، وزیر مالیات ابراہیم امیر، ہندوستانی ہائی کمشنر متعین مالدیپ سنجے سدھیر اور مالے میں ایس بی آئی کے سی ای او بھرت مشرا کی موجودگی میں مالدیپ کو 250امریکی ڈالر بطور قرض دینے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔
مالدیپ واحد ملک ہے جسے ہندوستان نے اس وبا سے اس پر پڑنے والے اقتصادی اثر سے نمٹنے کے لیے اتنی کثیر رقم سے مالی مدد کی ہے۔علاوہ ازیں ہندوستان نے مئی میں مالدیپ کی مختلف طریقوں سے بھی مدد کی ہے جس میں سریع الحرکت ٹیم ۔5.5ٹن لازمی ادویات کی کھیپ،580ٹن غذائی امداد بشمول اناج، پیاز وغیرہ کی متعدد کھیپ شامل ہیں۔