نئی دہلی: سیکورٹی ایجنسیوں نے بدھ کو بنگلورو کے ایک رہائشی کو قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے)اجیت ڈوبھال کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا۔
حکام نے یہ اطلاع دی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 7.30 بجے اس وقت پیش آیا جب سرخ رنگ کی ایس یو وی چلانے والے ایک شخص نے وسطی دہلی میں ڈوبھال کی ہائی سیکورٹی والی رہائش گاہ کے گیٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔کار کو داخلی دروازے کے باہر روک دیاگیا اور اس شخص کو سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس نے پکڑ لیا۔ این ایس اے کوسنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کمانڈوز کی اعلی درجے کی Z+ سکیورٹی حاصل ہے۔ اس واقعہ کے وقت ڈوبھال اپنے گھر پر موجود تھے۔ اس شخص کو بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم کی شناخت بنگلورو کے رہنے والے شانتنو ریڈی کے طور پر کی گئی ہے ، جس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کار نوئیڈا سے کرایہ پر لی گئی تھی۔ افسر نے کہا، کہ بدھ کو ایک شخص نے این ایس اے کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے اسے روکا۔ جب اس سے سوالات کیے گئے تو وہ جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ وہ ذہنی طور پر بیمار ہے۔
