نئی دہلی:(اے یو ایس)دنیا میں سب سے بڑا گھرانہ رکھنے کے حوالے سے شہرت پانے والے ہندوستانی شہری ‘زیونا چانا’ 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
پسماندگان میں 38 بیویاں، 89 بچے اور 33 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں۔ذیابیطس اور بلند فشار خون میں مبتلا زیونا چاناکا اتوار کے روز ہپندوستانی ریاست میزورم کے ایک ہسپتال میں انتقال ہوا۔ وہ ہندوستان کے شمال مشرقی قصبے بکٹاونگ میں اپنے خاندان کے ساتھ ایک چار منزلہ مکان میں اقامت پذیر تھے۔ یہ عمارت 100 کمروں پر مشتمل ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق زیونا چانا کا تعلق اس مذہبی فرقے سے تھا جس میں ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت ہے۔ یہ فرقہ زیونا کے دادا نے بنایا تھا۔ زیونا کی پہلی شادی 17 برس کی عمر میں زاتھیانگی نامی خاتون سے ہوئی۔اس کے بعد ایک سال کے اندر زیونا کی بیویوں کی تعداد 10 تک پہنچ گئی۔ اس کی آخری شادی 2004 میں 60 برس کی عمر میں ہوئی۔ زیونا کی رہائشی عمارت میں اس کی بیٹیاں اور داماد بھی رہتے ہیں۔ زیونا کے بیٹے اور داماد ایک بڑے کھیت کو سنبھالتے ہیں جو زیونا کی ملکیت ہے۔ اسی سے گھرانے کی غذائی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔
علاوہ ازیں ایک فرنیچر کمپنی بھی ہے جس کی آمدنی سے دنیا کے اس سب سے بڑے گھرانے کی دیگر ضروریات زندگی حاصل کی جاتی ہیں۔ گھر کا باورچی خانہ تہہ خانے میں بنا ہے جو زیر زمین پارکنگ کا منظر پیش کرتا ہے۔
