نئی دہلی(اے یو ایس ) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز سے پہلے میڈیا سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور کے واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کا واقعہ شرمناک ہے۔ اس واقعہ سے 140 کروڑ ملک کے لوگ شرمندہ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ خواتین کی حفاظت کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ منی پور واقعہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ منی پور واقعہ پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘میرا دل غصے سے بھرا ہوا ہے، درد سے بھرا ہوا ہے۔ منی پور میں جو واقعہ سامنے آیا ہے وہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے شرمناک واقعہ ہے۔ گناہ کرنے والے کتنے ہیں، کون ہیں، وہ اپنی جگہ، لیکن پورے ملک کی توہین ہو رہی ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ 140 کروڑ باشندگان وطن کو شرمسار ہونا پڑ رہا ہے۔ میں سبھی وزرائے اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کریں۔ خاص طور پر ہماری ماؤں بہنوں کے لئے سخت ترین اقدامات اٹھائیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔ قانون اپنی تمام تر سختی کے ساتھ ایک کے بعد ایک قدم اٹھائے گا۔ منی پور کی ان بیٹیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، اسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ منی پور کے واقعہ کے حوالے سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سے بات چیت کی اور معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وہیں سپریم کورٹ نے بھی اس معاملہ کا ازخود نوٹس لیا ہے۔