جوہانسبرگ: انگلستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹسٹ میچ میں191رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سر3-1سے جیت لی۔ اس سریز جیت کے ساتھ ہی انگلستان نے آئی سی سی عالمی ٹسٹ چمپین شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر فائز پاکستان اور سری لنکا کو اس پوزیشن سے بے دخل کر کے خود قبضہ کر لیا۔

پہلی پوزیشن پر فی الحال ہندوستان اور دوسری پر آسٹریلیا ہے۔ جیت کے لیے 466رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 274رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کوانگلستان کی پہلی اننگز کے اسکور400کے جواب میں محض183رنز پر آؤٹ کرنے میں 5وکٹ لے کر اہم رول ادا کرنے والے فاسٹ بولرمارک ووڈ نے دوسری اننگز میں بھی تباہی مچاتے ہوئے 4وکٹ لے کر جنوبی افریقہ کو ہدف سے191رنز پہلے ہی روکنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے وان ڈیر دوسین نے 138گیندوں پر 15چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے98رنز کی اننگز کھیلی ۔لیکن نہ تو ان کی یہ اننگز شکست ٹال سکی اور نہ ہی ڈین ایلگر کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 50رنز کی اور پھر تیسرے وکٹ کے لیے کپتان ڈو پلیسس کےساتھ 92رنز کی پارٹنر شپ کا م آسکی۔ ڈوپلیسس نے 92گیندوں کی اننگز میں 5چوکوں کی مدد سے35رنز بنائے۔ اس سے قبل ایلگر73بالوں پر چار چوکوں کے ساتھ 24اور افتتاحی بلے باز پیٹر ملان 51گیندوں پر تین چوکوں کےساتھ22رنز بنا چکے تھے۔

آخری امید کے طور پر کریز پر موجود دوسین اور ڈکینٹن ڈی کوک کی جوڑی نے کچھ کر گذر جانے کی امید برقرار رکھی لیکن اب دوسین حوصلہ ہار گئے اور طوفان بلا خیز بن کر ٹوٹ پڑنے والے فاسٹ بولر مارک ووڈ کی دوسری اننگز کا پہلا اور میچ میں چھٹا شکار بن گئے۔جس وقت دوسین آوٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکورصرف187رنز تھا۔

لیکن ڈی کوک نے ٹمبا بوما کے ساتھ اننگز کو مزید لڑکھڑانے سے بچانے کی اپنی سی کوشش کی لیکن پانچویں وکٹ کے لیے ان دونوں کے درمیان ابھی 48رنز کی ہی پارٹنر شپ ہوئی تھی کہ اسٹیورٹ براڈ نے بوما کو235 اور پری ٹوریس کو 239مجموعے پر پویلین بھیج کر جنوبی افریقہ کی شکست کا تابوت تیار کر دیاجس میں ووڈ نے تیزی سے کیلیں ٹھوکتے ہوئے لگاتار اووروں میں فلانڈر،ڈی کوک اور نورجے کو اپنی گیندوں پر اور ہینڈرک کو رن آؤٹ کراکے آخری چار کیلیں بھی پیوست کر دیں۔بوما نے 29گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 27رنزاور پری ٹوریس نے 8گیندوں پر صرف دو رنز بنائے ۔ ووڈ کو مین آف دی میچ اور بین اسٹوکس کو مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *