Maryam Nawaz Claims Husband Mohammad Safdar’s Arrest Was To Divide Anti-Govt Allianceتصویر سوشل میڈیا

کراچی:( اے یوایس) پاکستان کے شہر کراچی میں مزار قائد پر نعرے بازی کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیے جانے کے بعد گرفتار کیے جانے والے پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر اعوان کی گرفتاری کے بعد حکومتی وزرا اور حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے اپنا اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے جس سے ایک بحث چھڑ گئی ہے۔

پی ایم ایل این کی نائب صدر مریم نواز نے اس گرفتاری کو حزب اختلاف کی جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد میں پھوٹ ڈالنے کی ایک کوشش سے تعبیر کیا۔ اس بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے مریم نواز کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے شوہر کی گرفتاری کی بابت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پوچھیں کیونکہ سندھ پولیس ان کے مکمل کنٹرول میں ہے۔

دیگر حکومتی وزرا کی جانب سے بھی سندھ حکومت پر اس گرفتاری کے بعد انگلیاں اٹھائے جانے پر سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے واضح کیا ہے کہ ’کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ہے۔‘ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ ’مزارِ قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی ہے وہ بھی قابل مذمت ہے۔‘ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے صوبے کی پولیس کا یہ اقدام ’پی ڈی ایم (اپوزیشن کی تحریک) کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔‘

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ ’مزارِ قائد کی بے حرمتی کرنے والے اوباشوں کے خلاف آئی جی سندھ کی فوری کارروائی قابل تحسین ہے۔‘انھوں نے ٹوئٹر پر مریم نواز کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے وقت ہوٹل میں ان کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو اس کے برعکس ہے۔ آپ کو کوئی ہتھکڑی دکھائی دے رہی ہے یا لگتا ہے کہ انھیں زبردستی گرفتار کیا گیا ہے؟‘ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں ’سینکڑوں افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔‘

کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر مسلم لیگ نواز کی جانب سے بھی ردعمل سامنا آیا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان اور سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر کا کہنا ہے کہ ’کیپٹن صفدر کو نعرے لگانے پر گرفتار نہیں کیا گیا، ایف آئی آر میں کوئی اور دفعات لگائی گئیں۔‘

پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڈ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ’اطلاعات کے مطابق رینجرز نے سندھ پولیس سے مبینہ طور پر یہ اقدام زبردستی کروایا ہے۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *