Masks and sanitisers will be provided to Ghalafe kaaba manufacturersتصویر سوشل میڈیا

ریاض:( اے یوایس) مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ (کِسوہ) تیار کرنے والے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس نے کمپلیکس اور نمائش میں آنے والے افراد کے لیے پروٹوکول (داخلے کے آداب و ضوابط) کا اعلان کیا ہے۔ پروٹوکول کے مطابق آنے والوں کو ماسک اور سینی ٹائزر فراہم کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں سماجی فاصلے، دورہ کرنے کے اوقات کار اور زائرین کی تقسیم کے حوالے سے ضروری اور واضح ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ آنے والوں کے لیے کمپلیکس کے اندر غلاف سے متعلق کسی بھی چیز کو چ±ھونا ممنوع ہو گا۔پروٹوکول کے مطابق کمپلیکس میں کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ لوگوں کی آمد کے مقامات کی باقاعدگی سے تطہیر کی جائے گی۔

دورہ کرنے والے افراد کے درمیان دو میٹر سے کم کا فاصلہ نہیں ہو گا۔ اس دوران سیکورٹی اہل کار زائرین کے جسم کا درجہ حرارت جانچنے کی ذمے داری انجام دیتے رہیں گے۔اس پروٹوکول کی تفصیلات حرمین شریفین کے امور کے منتظم اعلیٰ وامام حرم ڈاکٹر قاری عبدالرحمن السدیس کی سربراہی میں ہونے والے سیشن کے دوران سامنے آئیں۔ یہ سیشن غلاف کعبہ تیار کرنے والے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں آنے والوں کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر ڈاکٹر السدیس نے تیاری کے بہترین اور مکمل انتظامات پر کمپلیکس کے ساتھی کارکنان کو مبارک باد پیش کی۔ شیخ السدیس کے مطابق کمپلیکس اور دیگر اہم اور تاریخی مقامات کے ماحول کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے اور مملکت میں اسی پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تجویز پیش کی کہ نمائش کے مقام کے ساتھ ہی مسجد حرام کے لیے مختص ایک میوزیم بنایا جائے جہاں حرم شریف کی اشیاءکو رکھا جائے۔ منتظم اعلیٰ ڈاکٹر السدیس نے کمپلیکس کے تمام شعبوں سے وابستہ اہل کاروں کی کوششوں کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ آئندہ عرصے میں ان کوششوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *