تل ابیب:(اے یو ایس ) اسرائیلی نشریاتی ادارے کے اے این کے مطابق اتوار کی صبح مقبوضہ فلسطین میں واقع حیفا اندسٹریل کمپلکس میں خطرناک مواد پر مشتمل کئی صنعتی عمارتوں میں بڑے پیمانے پرآگ بھڑک اٹھی اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔ ٹی وی چینل کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بہت سے گھروں کو ان کے مکینوں سے خالی کرا لیا گیا۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ رہائشی عمارتوں کے قریب لگنے والی بڑی آگ سے نمٹ رہا ہے تاہم اب تک کی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق 4 بجے شروع ہوئی اور فائر فائٹرز حیفا اسٹیشن سے جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔
آگ لگنے کے مقام پر تین افراد موجود تھے جنہیں بچا لیا گیا ہے۔اس کے بعد ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں اور قریبی علاقوں کی ٹیمیں آگ بجھانے کی کارروائیوں میں شامل ہوئیں جب کہ آگ لگنے کے نتیجے میں دھماکے ہوئے۔اسرائیلی حکام اس آگ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ان عمارتوں میں کس شے کا ذخیرہ تھا۔