ابو ظبی : افتتاحی بلے باز ڈیرل مشل کی شاندار ہاف سنچری اور ڈیون کانوے کی 46رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ انگلستان کو5وکٹ سے شکست دے کر 2021کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں داخل ہو گیا۔اس پہلے سیمی فائنل میں ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کے لیے مدعو کیے جانے پر ا نگلستان نے نیوزی لینڈ کو 167رنز کا ہدف دیا۔ پہلے ہی اوور میں جارحانہ انداز سے بلے بازی کرنے والے افتتاحی بلے باز مارٹن گپتل محض 4رنز بنا کر اتنے ہی مجموعے پر آؤٹ ہو گئے ۔
دو اوور بعد ہی 13 رنز پر کپتان کین ولیمسن کے بھی آؤٹ ہوجانے سے کیوی کیمپ میں کھلبلی مچ گئی اور ٹیم کا ہدف تک پہنچنے کے امکانات کم ہونا شروع ہو گئے ۔لیکن مشل کو کانوے کی شکل میں ایک اچھا پارٹنر مل گیا اور ان دونوں نے اننگز سنبھالنے کے ساتھ ساتھ ہدف کی جانب پیش رفت جاری رکھی لیکن ابھی ٹیم منزل سے کوسوں دور تھی کہ صرف دو اووروں میں کانوے اور پھر گلین فلپس بھی آؤٹ ہو گئے ۔اور منزل کچھ اور دور ہوتی د کھائی دینے لگی کیونکہ اب کوئی تسلیم شدہ بلے باز مشل کا ساتھ دینے باقی نہیں تھا ۔لیکن بیٹنگ آل راو¿نڈر جیمز نیشم نے اپنے آل راؤنڈر ٹیگ کی لاج رکھتے ہوئے طوفانی بلے بازی سے محض11گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے27رنز بنا ئے لیکن وہ بھی مزید نہ رک سکے اور لیگ اسپن گگلی بولر عادل رشید کا شکار بن گئے لیکن نیشم اس وقت تک ٹیم کو منزل کے کافی قریب پہنچاچکے تھے۔
تاہم دو اووروں میں اب بھی20رنز درکار تھے۔ لیکن مشل نے انگلستان کے اب تک کے کامیاب ترین بولر ووکس کے آخری اور اننگز کے19ویں اوور کو ہی فیصلہ کن بناتے ہوئے ایک دکے، ایک چوکے اور دو چھکے لگا کر کیوی کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑا دی ۔مشل نے چار چوکوں اور چار ہی چھکوںکی مدد سے47گیندوں پر 72رنز بنائے اور غیر مفتوح رہے۔ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔کانوے نے 38بالوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 46رنز بنائے۔انگلستان کی جانب سے ووکس اور لیونگ اسٹون نے دو وکٹ لیے۔اس سے قبل آل راؤنڈر معین علی کی ہاف سنچری اور ڈیوڈ ملان کی 30گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے41رنز کی اننگز کی بدولت انگلستان نے مقررہ20ووروں میں 4وکٹ پر166رنز بنائے۔ معین نے 37گیندوں پر 51رنز بنائے جس میں ان کے تین چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ افتتاحی بلے باز جوز بٹلر نے 24بالوں پر چار چوکوں کی مدد سے29رنز بنائے۔