نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور پانچ وسطی ایشیائی ممالک کے سربراہوں نے افغانستان میں ایک جامع حکومت کے قیام پر زور دیا۔ جمعرات کے روز تاجکستان، ازبکستان، قازقستان، ترکمانستان اور کرغزستان کے رہنماؤں کے اس ورچوئل سربراہ اجلاس کی میزبانی وزیر اعظم مودی نے کی ۔ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیے میں شرکا نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور افغانستان میں انسانی امداد کی فوری ترسیل پر زور دیا۔
اس آن لائن اجلاس میں مودی کے علاوہ قازقستان کے صدر قاسم جمرات توکایف ، کرغزستان کے صدر سیدر جپرؤف ،تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن، ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمد اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف نے شرکت کی۔ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپپنے خطاب میں کہا کہ انہیں افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تشویش ہے۔ مودی نے مزید کہا کہ ہم سب علاقائی سلامتی کے بارے میں اپنے خدشات اور اہداف کا اشتراک کرتے ہیں۔ ہمیں افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تشویش ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہمارا تعاون خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ ان ممالک کے رہنماؤں نے اجلاس کے مشترکہ بیان میں افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہ کرنے پر بھی زور دیا اور اس حقیقت پر بھی زور دیا کہ افغانستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بن چکا ہے۔شرکا نے افغانستان پر اعلیٰ سطحی عہدیداروں کا مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔