اجودھیا: وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اترپردیش کے شہر اجو دھیا میں رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ایودھیا پہنچنے کے بعد نریندر مودی نے سنگ بنیاد رکھنے سے پہلے ہنومان گڑھی میں پوجا کی اور پھر رام مندر کی تعمیر کے مقام پر ’بھومی پوجا‘ کی گئی جس میں وزیراعظم اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم روایتی دھوتی کرتے میں ملبوس دہلی سے خصو صی طیارے سے اجودھیا پہنچے۔ہوائی اڈے پر ان کے خیر مقدم کے لیے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ موجود تھے۔ وزیر اعظم نے سب سے پہلے 10ویں صدی کے ہنومان گڑھی مندر میں پوجا کی ۔
جہاں انہوں نے آرتی کی اور مندر کی پریکرما کی۔بعد ازان وہیں مندر کے ہیڈ پجاری پریم داس مہاراج نے وزیر اعظم کو ایک چاندی کا تاج اور شال پیش کی۔ وزیر اعظم ہنومان گڑھی میں تقریباً10منٹ رہے ۔مودی کی آمد سے پہلے پورے مندر کو سیناٹائز کیا گیا۔بعد ازاں مودی مندر کا سنگ بنیاد رکھنے رام جنم بھومی پہنچے اور ایک چاندی کی علامتی اینٹ رکھی اور سری رام جنم بھومی مندر پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
وزیراعظم کی ایودھیا آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کوویڈ 19- وبا کی وجہ سے تقریب میں گنے چنے افراد ہی مدعو کیے گئے تھے۔ مندر کا اندرونی حصہ جہاں رام کی مورتی رکھی جائے گی آٹھ دیواروں والا ہوگا۔ مندر میں ایک وسیع و عریض سہ منزلہ عمارت بھی تعمیر کی جائے گی ۔ اس عمارت میں 366 ستون اور پانچ گنبد ہوں گے۔
وزیر اعظم نے سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ، جس کا آغاز انہوں نے سری رام کے بجائے جے سیہ رام سے کیا،کہا کہ رام مندر سے پوری دنیا میں امن و شانتی اور عدل و انصاف کا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے کونے کونے میں رام مندر کی گونج ہے۔
اس موقع پر یوگی نے بھی تقریر کی اور کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے کیونکہ آج 135کروڑ لوگوں کے خواب کی تکمیل ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ بھگوان رام محبت اور انصاف کی علامت ہیں اور ظلم، نفرت اور ناانصافی کے عمل میں کبھی ظاہر نہیں ہو سکتے ۔