ابوظبی (متحدہ عرب امارات):ابو ظبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زید النہیان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے نائب سپہ سالار نے یو اے ای کا دورہ کرنے والے اسرائیل کے وزیر اعظم نفٹالی بینٹ کا خیرمقدم کیا۔ شیخ محمد نے بینیٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے عوام اور خطہ کے لوگوں کے حق میں مفید بنانے میں مزید معاون ثابت ہوگا۔
عزت ماٰب شیخ محمد بن زائد اور اسرائیل کے وزیر اعظم نے گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے ابراہام امن معاہدے میں مذکور طریقہ کار کے تحت دوطرفہ تعلقات اور مختلف زمروں اور شعبوں میں سرمایہ کاری ، اقتصادیات ، تجارت اور ترقیاتی شعبوں بالخصوص صحت،زراعت، غذائی تحفظ، قابل تجدید توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر اہم سیکٹروں میںمزید استحکام و پیش رفت کی راہوں کا جائزہ لیا ۔اس ملاقات کے دوران ایکسپو2020کی خاص طور پر مواقع سے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے فائدے کے لیے اہمیت پر بھی بات کی گئی۔
ملاقات کے دوران شیخ محمد بن زائد نے اسے بھی اجاگر کیا کہ یو اے ای کے خارجہ تعلقات باہمی احترام ، تعاون اور پر امن بقائے باہم کی اصولوں اور قدروں پر مبنی ہیں اور یہ بات زور دے کر کہی کہ عوام کی توقعات کی تکمیل کا یہ بہترین راستہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام پیدا ہوگا۔
