اسلام آباد: سرکاری ذرائع کے مطابق افغانستان سے مارا گیا ایک مارٹر گولہ شمال مغربی پاکستان کے ایک گاؤں میں ایک مکان پر آکر گرا جس میں ایک ہی کنبہ کے سات افراد ہلاک ہو گئے۔
سینیئر پولس افسر گلزار خان نے کہا کہ افغانستان سے مارا گیا یہ مارٹر گولہ گاؤں کے رہائشی فضل غنی کے مکان پر آکر گرا۔جس میں مکان مالک، تین خواتین اور تین بچے ہلاک ہو گئے۔
یہ واردارت پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختون خوا کے باجور قبائلی ضلعکے سب سے بڑے شہر کھر سے50کلومیٹر کی دوری پر واقع بتوار بانگڑو گاؤں میں ہوئی۔
خان نے بتایا کہ پولس اور ریسکیو عہدیداران نے جائے وقوعہ پہنچ کر گاؤں والوں کی مدد سے متعلقہ مکان سے لاشیں نکالیں۔ مارٹر گولے سے مکان پوری طرح تباہ ہو چکا تھا۔
علاقہ کے ایک سینیر حکومتی عہدیدار انوار الحق نے حملہ اور اس میں ہلاک ہونے والوں کی تصدیق کر دی اور کہا کہ یہ مارٹر گولہ سرحد پار افغانستان کے کونار صوبہ سے مارا گیا تھا۔
انوار نے مزید بتایا کہ اس مارٹر گولے سے مکان کی چھت بیٹھ گئی جس کے نیچے دب کر پورا کنبہ ہلاک ہو گیا۔باجور پاکستان کے دور افتادہ ان سات اضلاع میں سے ایک ہے جو افغان سرحد سے متصل ہیں۔