منڈلا(مدھیہ پردیش): مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع کے منیری گاؤں میں اس وقت خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی جب ایک اراضی تنازعہ میں ایک بی جے پی لیڈر اور کے گھر کے دیگر 5 افراد کو، جن میں دو بچے بھی شامل تھے، انہی کے رشتہ داروں نے تلوار سے کاٹ ڈالا۔ان تمام فراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے جن میں چار گاؤں والے ہیں جو ان لوگون کو حملہ آوروں سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
واردات انجام دے کر جیسے ہی ان دونوں تلوار بردار حملہ آوروں نے فرار ہونے کی کوشش کی گاؤں والوں نے جو چیخ پکار سن کر وہاں جمع ہو گئے تھے،ان دونوں میں سے ایک کو دبوچ لیا اور لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر جان سے مارڈالا۔ لیکن دوسرا حملہ آور گاؤں والوں کے چنگل سے نکل کر تو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا لیکن پولس نے اس کا تعاقب کر کے اس کے پیر میں گولی مار کر زخمی کر دیا اور اسے بھی پکڑ لیا۔حملہ آوروں کے سامنے گھر کا جو بھی فرد آیا اسے تلوار سے کاٹ ڈالا گیا۔
بیجا ڈانڈی تھانے کے تحت منیری گاؤں میں سونی خاندان کے دو گھرانوں کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ سونی خاندان کے دو بھائیوں کے گھر والوں کے درمیان پشتینی جائیداد کے معاملہ پر طویل عرصہ سے تنازعہ چل رہا تھا۔اسی تنازعہ نے اس وقت ہلاکت خیز شکل اختیار کرلی جب ایک بھائی کے گھر والوں نے دوسرے بھائی کے گھر والوں پر تلواروں سے حملہ کر دیا۔ حملہ آور 58سالہ راجندر سونی کی ،جو کہ بی جے پی کے ممتاز لیڈر بتائے جاتے ہیں، مکان سے متصل دکان پر پہنچے اور ایک ہی وار میں ان کا کام تمام کر دیا۔
ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اور جیسے پی گھر کے لوگ دکان پہنچے حملہ آوروں نے ایک ایک کر کے ،جن میں ایک دس اور ایک سات سال کا بچہ بھی شامل تھا، تلواروں سے کاٹ ڈالا۔ ان سب کی بھی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ہلاک شدگان کی شناخت58سالہ راجندر سونی، بھائی 45سالہ ونود سونی، 9سالہ بھتیجہ اوم سونی، 7سالہ بھتیجی پرینشا سونی، 28سالہ بیٹی پریہ سونی اور راجندر سونی کے سمدھی دنیش سونی کے طور پر کی گئی ہے۔
جبکہ زخمی ہونے والوں میں راجندر کا بیٹا نتن سونی ، ونود کی بیوی رنکی سونی اور گاؤں والے سنیل تیواڑی، شنو تیواڑی، جانکی لال چکرورتی اور دکھیا شامل ہیں۔حملہ آوروں میں سے ایک 35سالہ سنتوش سونی پر گاؤں والوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کر کے اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر ڈالا۔ جبکہ دوسرا ملزم ہری سونی کو پولس گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دو روز سے دونوں گھرانوں میں کشیدگی کافی بڑھ گئی تھی جو بدھ کوخونریز ی میں بدل گئی۔