اسلام آباد: سنگین غداری مقدمہ میں سابق فوجی حکمراں ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی سزائے موت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
جس وقت منگل کو خصوصی عدالت نے 2007میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور آئین معطل کرنے کے جرم میں سابق صدر کو موت کی سزا سنائی تو اس وقت عمران خان ”عالمی پناہ گزیں کانفرنس “ میں شرکت کے لیے جینوا میں تھے۔
اسپیشل ٹریبونل کی ایک تین ججی بنچ کے ذریعہ سنائے گئے فیصلہ سے پاکستانی فوج بہت برہم ہے اور اس کے تما م چھوٹے بڑ ے افسران کو اس عدالتی فیصلہ سے نہایت شدید ذہنی و قلبی تکلیف پہنچی ہے۔
خود حکومت نے اس فیصلہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کسی میں دفعہ 10اے کے تحت منصفانہ ٹرائل کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
اٹارنی جنرل انور منصور خان پہلے ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ حکومت خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف کسی اپیل کی مخالفت نہیں کرے گی۔
آج کی میٹنگ میں حکمراں جماعت فوجی سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع اور چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین کے تقرر کے حوالے سے قانون سازی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کرے گی۔