کوالالمپور: ملیشیا کے وزیر اعظم ماٰثر محمد نے کہا ہے کہ ایران ، ملیشیا، ترکی اور قطر ا س امر پر غور کر رہے ہیں کہ اگر ان کے خلاف آئندہ اقتصادی پابندیاں عائد کی گئیں تو وہ چاروں باہمی تجارت سونے کے سکوں اور اشیاءکے تبادلہ کی شکل میں کریں گے۔

ملیشیا کے دارالخلافہ کوالالمپور میں چوٹی اجلاس کے اختتام پر ماٰثر نے اقتصادی پابندیوں کو ثابت قدمی سے جھیلنے پر ایران اور قطر کو سراہا اور کہا کہ عالم اسلام کے لیے یہ کافی اہم ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے خود کفیل ہوجائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس قسم کی سزا کے اقدامات کے یکطرفہ فیصلوں کی شاہد ہے ۔ملیشیا اور دیگر ممالک کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ کل ان میں سے کسی کے بھی ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جاسکتا ہے۔

واضح ہو کہ امریکہ کے حلیف عرب ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ،بحرین اور مصر نے ڈھائی سال پیشتر قطر پر دہشت گردی کی مدد اور حمایت کرنے کا الزام لگا کر سفارتی و تجارتی رشتے منقطع کر لیے۔

جبکہ قطر دہشت گردی کی معاونت کرنے کی پیہم تردید کرتا رہا۔ دریں اثنا گذشتہ سال امریکہ کی جانب سے دوبارہ پابندیاں عائد کر دیے جانے سے ایران بھی بری طرح متاثر ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *