میانمار(اے یو ایس ) میانمار کی فوجی حکومت نے پیر کے روز 3000 سے زیادہ قیدیوں کو نئے قمری سال کی روایتی تعطیل کی خوشی میں معافی دی ہے، لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ان ہزاروں قیدیوں میں وہ سیاسی قیدی بھی شامل ہیں جو فوجی حکومت کی مخالفت کرنے پر جیلوں میں ڈال دیے گئے تھے۔سرکاری ایم آر ٹیلی ویڑن نے اطلاع دی ہے کہ 2021 میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد فوج کی طرف سے بنائی گئی حکمراں تنظیم ریاستی انتظامی کونسل نے 3,113 قیدیوں کو معافی دی ہے۔ ان میں 98 غیر ملکی بھی شامل ہیں جنہیں ملک بدر کیا جائے گا۔ ہر سال اس موقع پر عموماً بڑے پیمانے پر قیدیوں کو رہا کیا جاتا ہے۔ینگون کی انسین جیل کے ایک اہل کار نے , جو معلومات جاری کرنے کا مجاز نہیں ہے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاہے کہ ملک کے سب سے بڑے قید خانے سے رہا کیے جانے والے افراد کی تعداد اور نام ابھی تک معلوم نہیں ہیں۔
ریلیز پیر سے شروع ہونے کی توقع تھی۔سیاسی قیدیوں کی مدد کے لیے قائم ایک آزاد گروپ ”اسسٹنس ایسوسی ایشن فار پولیٹیکل پریزنرز“ کے مطابق، جو ملک کی سیاسی تنازعات سے منسلک گرفتاریوں اور ہلاکتوں کی تفصیلی تعداد رکھتی ہے، میانمار کی سابق سویلین رہنما آنگ سان سوچی سمیت تقریباً 17460 سیاسی نظربند گزشتہ بدھ تک حراست میں تھے۔میانمار میں یکم فروری 2021 کو فوج نے سوچی کی منتخب حکومت کو معزول کر دیا تھا جس کے بعد سے فوجی حکمرانی قائم ہے۔اس فوجی قبضے کو بڑے پیمانے پر غیر متشدد مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جو، اب ایک وسیع مسلح جدوجہد کی شکل اختیار کر گئی ہے۔
شہری چھاپہ مار گروپ ، بڑے شہروں میں سرگرم ہیں، اور غیر منظم عوامی دفاعی افواج، لسانی اقلیتی چھاپہ مارگروپوں میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ، باقاعدگی سے فوجی کالموں اور چوکیوں پر حملہ کرتی ہیں۔دیہی علاقوں میں عام شہری وحشیانہ فوجی کارروائیوں کا شکار ہوئے ہیں ، جن کے خلاف توپ خانے اور فضائی حملوں کا بھی استعمال ہوا ہے۔ فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 10 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، جس سے انسانی بحران نے جنم لیا ہے۔
تصویر سوشل میڈیا