کولکاتا:بی جے پی صدر جے پی نڈا نے، جو پارٹی کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے ملک گیر دورے پر ہیں،مغربی بنگال کے دارالخلافہ کولکاتا میں پہنچنے کے بعد دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں دو سو سے زائد سیٹیں جیتے گی ۔
اپنے دو روزہ دورے کے دوران نڈانے کولکاتا ہیسٹنگزمیں پارٹی کے انتخابی دفتر اور9 اضلاع میں پارٹی دفاتر کا افتتاح کیا۔ وہ ریاست کے مختلف شہروں میں منعقد تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ اس دوران ، نڈا نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے صرف ملک کے عوام کے مفاد میں کام کیا ہے۔ بی جے پی نے آرٹیکل 370 کو ختم کیا۔
نڈا نے کہا کہ ممتا راج میں بنگال میں عدم رواداری میں اضافہ ہوا ہے ۔ نڈا نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ممتا حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے اور ریاست 200 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ اگلے سال مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
بی جے پی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ انچارج انل بلونی نے ایک بیان میں کہا کہ نڈا مغربی بنگال میں پارٹی کی بنیاد مضبوط کرنے کے لئے مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ‘اور نہیں ظلم ‘مہم کے تحت ندا معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ملیں گے۔
بی جے پی صدر جھگی جھونپڑی کے رہائشیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ نڈا بی جے پی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لئے 120 دن کا ملک گیر دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اس کا آغاز 4 دسمبر کو اتراکھنڈ سے کیا تھا۔
