National Conference leader Trilochan Wazir found dead in west Delhiتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:(اے یو ایس)نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی ٹرلوچن سنگھ وزیر کو جمعرات کی صبح دلی میں پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹی ایس وزیر حال ہی میں دلی گئے ہوئے تھے جہاں ان کو جمعرات کی صبح پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ متوفی لیڈر کی لاش ابھی ان کے آبائی گھر نہیں پہنچی ہے۔متوفی سابق قانون ساز جموں و کشمیر ٹرانسپورٹرس ویلفیئر فورم کے صدر بھی تھے اور جموں کی گوردوارہ کمیٹی میں زبردست اثر و رسوخ بھی رکھتے تھے۔ ان کی سر بریدہ لاش مغربی دہلی کے بسئی دارا پور علاقہ میں ایک رہائشی کمپلیکس کی تیسری منزل کے بیت الخلا میں پڑی پائی گئی تھی۔ ان کا سر ایک سیاہ رنگ کے پلاسٹک بیگ میں پایا گیا۔سر پر گہرا زخم تھا۔نیشنل کانفرنس کے ایک لیڈر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایس وزیر کی دلی میں موت واقع ہوئی ہے اور ان کی لاش کو گھر لانے کے لیے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر نے حال ہی میں جموں میں منعقدہ پارٹی میٹنگ میں شرکت بھی کی تھی۔ اور 2ستمبر کو انہیں کناڈا پرواز کر جانا تھا لیکن جب کئی روز تک ان کی خیر و عافیت معلوم نہیں ہو ئی تو ان کے گھر والوں نے جموں پولس کو مطلع کیا جس نے دہلی پولس سے رجوع کیا اور تلاش بسیار کے بعد بسئی دارا پور میں واقع فلیٹ میں وہ پراسرار حالت میں مردہ پائے گئے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹی ایس وزیر کی موت پر اظہار غم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’اپنے ساتھی سابق ایم ایل سی سردار ٹی ایس وزیر کی اچانک موت واقع ہونے کی خبر سے مجھے صدمہ ہوا چند روز قبل ہی ہم جموں میں اکٹھے بیٹھے اس بات کا گماں بھی نہیں تھا کہ یہ میری ان کے ساتھ آخری ملاقات ہو گی۔ ان کے روح کے سکون کے لئے دعا گو ہوں‘۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دویندر سنگھ رانا نے اپنے ایک ٹویٹ میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا: ’اپنے ساتھی اور سابق رکن قانون ساز ٹرلوچن سنگھ وزیر صاحب کے موت کی خبر سن کر صدمہ ہوا۔ پسماندگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *