لندن: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این)کے رہبر اعلیٰ اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف گردوں کے شدید عارضہ میں مبتلا ہو گئے ہیں اور اس ہفتہ انہیں متعدد بار اسپتال لے جانا پڑا۔
نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے کہا کہ وہ سخت بیمار ہیں اور دونوں گردوں میں پتھریاں اکٹھا ہوجانے سے ا ن کے گردوں میں خرابی آنے کے باعث ان کے گردے میں شدید درد ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے علاج کا کوئی لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے ان کے ٹیسٹ اوراسکین کر رہے ہیں۔
نواز شریف منگل اور بدھ کے روز ہارلے اسٹریٹ میں ڈاکٹروں سے ملے اور آج جمعرات کو بھی مختلف ڈاکٹروں سے ملنے کا پروگرام ہے۔منگل کے روز پی ایم ایل این کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ ان کے والد گردوں میں سخت درد کے باعث پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے اس لیے وہ ان کی نمائندگی کریں گی۔
نواز شریف طبی بیاد پر ایک عدالت سے ضمانت پانے اور پھر پاکستان تحریک انصاف حکومت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد گذشتہ سال نومبر میں بغرض علاج لندن چلے گئے تھے۔
اب حکومت نواز شریف کو ہر حال میں پاکستان واپس لانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے 5اکتوبر کو برطانیہ کے وزیر داخلہ کو ایک مکتوب ارسال کیا جس میں نواز شریف کو وطن واپس بھیجنے کی اپیل کی گئی تھی۔
حکومت کے عہدیداران اس سے قبل کئی بار پی ایم ایل این رہنما کی بیماری سے متعلق خاندانی بیانات کو مستردف کر چکے ہیں۔اور اب نواز شریف کی العزیزیہ کیس میں باقی سزائے قید پوری کرانے کے لیے انہیں وطن واپس لانے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔