ڈھاکہ : آف اسپنر نعیم حسن اور لیفٹ آرم اسپن بولر تاج الاسلام کے اسپن جال میں پھنس کر دوسری اننگز میں زمبابوے کی پوری ٹیم 189رنز پر ڈھیر ہو کر بنگلہ دیش کے خلاف پہلا اور واحد ٹسٹ میچ ایک اننگز اور 106رنز سے ہا رگئی۔
شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں زمبابوے کو بنگلہ دیش کو دوسری اننگز کھیلنے پر مجبور کر کے اننگز کی ہار سے بچنے کے لیے کم از کم296رنز بنانے تھے لیکن کپتان مومن الحق نے پچ کا اسپن نواز رویہ بھانپ کر بولنگ کا آغاز اپنے اسپن اٹیک سے کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے اسپنرز نے بھی اپنے کپتان کو مایوس نہیں کیا اور آف اسپنر نعیم نے پہلے ہی اوور میں لگاتار گیندوں پر افتتاحی بلے باز پرنس مسوارے اور ڈونالڈ تریپانو کو پویلین کی راہ دکھا کر خود کو ہیٹ ٹرک کی اور بنگلہ دیش کو اننگز سے جیت کی راہ پر ڈال دیا۔
بنگلہ دیش تو اننگز سے جیت گیا لیکن نعیم اپنے اور اننگز کے پہلے ہی اوور کی دوسری اور تیسری گیند پر دو وکٹ لینے کے بعد چوتھی گیند کو ہیٹ ٹرک بال میں تبدیل نہ کر سکے حالانکہ کپتان معین نے ٹیلر کو جال میں پھنساکر اس چوتھی گیند کو ہیٹ ٹرک بال بنانے کے لیے سلپ،لیگ سلپ، فارورڈ شارٹ لیگ اور سلی پوائنٹ کی پر اپنے جوان تعینات کر کے ٹیلر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ لیکن ٹیلر نے بایاں پیر کریز سے بہت باہر تک لاکر آف بریک گیند کو وہیں دبا دیا۔
لیکن زمبابوے کے بلے باز وں کو پھر بھی کوئی راحت نہ مل سکی اور وکٹ نحفوظ رکھنے اور اننگز کی ہار سے بچنے کی کوشش میں زمبابوے کے بلے باز بنگلہ دیشی بولروں پر حاوی نہ ہو سکے اور میزبان اسپنرز ان کے گرد جال بنتے اور وقفہ وقفہ سے وکٹ لے کر زمبابوے کے بلے بازوں کا ناطقہ بند کیے رکھا۔ اگرچہ کپتان کریگ ارون نے49گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ49 اور سکندر رضا کے ساتھ مل کر اننگز کی ہار سے بچنے کی جانب پیش قدمی کی لیکن ابھی انہوں نے رضا کے ساتھ مل کر اسکور104تک ہی پہنچایا تھا کہ رضا نے کور کی جانب شاٹ کھیلا اور ایک مشکل رن لینے کی کوشش میں ارون رن آؤٹ ہو گئے۔17رنز کے اضافہ کے بعد رضا بھی حوصلہ ہار گئے اور تاج الاسلام نے انہیں مشفق رحیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ رضا نے 71گیندوں کا سامنا کیا اور37رنز بنائے ۔انہوںنے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اننگز کی شکست اور زمبابوے کے درمیان ٹیمسین مروما چٹان بن کر کھڑے ہو گئے مگر تابکے۔
نعیم نے انہیں بھی 41کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج کر زمبابوے کو اننگز کی ہار سے بچانے کی راہ میں حائل آخری بڑی رکاوٹ بھی ہٹا دی ۔ مروما نے 52گیندوں کا سامنا کیا اور 5چوکے لگائے۔جس وقت مروما آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو اننگز کی ہار سے بچنے کے لیے مزید114رنز کی ضرورت تھی اور صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ جسے 8رنز کے اضافہ کے بعدتاج الاسلام نے تسوما کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے گرا دیا اور زمبابوے کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ نعیم نے 5اور تاج نے 4وکٹ لیے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے زمبابوے کی پہلی اننگز کے اسکور 265کے جواب میں مین آف دی میچ قرار دیے گئے وکٹ کیپر بلے باز مشفق رحیم کی غیر مفتوح ڈبل سنچری (203)، کپتان مومن کی سنچری (132) نجم الحسن اور لنٹن داس کی ہاف سنچریوں(71 اور53) کی مدد سے 6وکٹ پر 560رنز بنا کر اننگز ڈکلیر کر دی تھی۔ مشفق نے 318گیندوںکا سامنا کیا اور28چوکے لگائے جبکہ مومن نے 234گیندیں کھیلیں اور 14چوکے لگائے۔نجم الحسن نے اپنے71رنز کے لیے139گیندیں کھیلیں اور7چوکے لگائے۔