کیئف(اے یو ایس ) نیدرلینڈز اور ڈنمارک نے بعض شرائط پوری ہونے کی صورت میں یوکرین کو ایف 16 لڑاکا طیارے مہیّا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ڈچ وزیراعظم مارک روٹے نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے نیدرلینڈز کے پاس مجموعی طور پر 42 ایف 16 طیارے موجود ہیں لیکن یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ آیا یہ سب عطیہ کیے جائیں گے یا نہیں۔انھوں نے آئنڈہوون ملٹری ائیر بیس پر زیلنسکی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا:”آج ہم اعلان کر سکتے ہیں کہ نیدرلینڈز اور ڈنمارک یوکرین کی فضائیہ کو ایف 16 طیاروں کی منتقلی کا عہد کرتے ہیں، جس میں اس طرح کی منتقلی کی شرائط پوری ہونے کے بعد امریکا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون بھی شامل ہے“۔اس موقع پریوکرین کے صدرولودی میرزیلنسکی نے اس معاہدے کو ”اہم“قرار دیا ہے اور کہا کہ طیاروں کی صحیح تعداد کے بارے میں “کچھ دیر بعد” تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ یوکرین کی مسلح افواج کو ایف 16 لڑاکا طیارے مہیّا کرنے کا پہلا حقیقی وعدہ ہے اور یہ امریکا کی جانب سے نیدرلینڈز اور ڈنمارک سے یوکرین کو لڑاکا طیاروں کی ممکنہ ترسیل کی منظوری کے چند روز بعد متشکل ہوا ہے۔
زیلنسکی یوکرین کے فضائی دفاع کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کے حصے کے طور پر اتوار کو نیدرلینڈز پہنچے تھے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ دن کے آخر میں ڈنمارک کا سفر جاری رکھیں گے۔ ڈنمارک کی وزارت خارجہ نے بھی قبل ازیں ایک بیان میں ایف 16 طیارے مہیا کرنے کے وعدے کی تصدیق کی ہے۔نیدرلینڈز نے ڈنمارک کے ساتھ مل کر حالیہ مہینوں میں یوکرین کے پائلٹوں کو ایف 16 طیاروں کی تربیت دینے اور بالآخر روس کی فضائی برتری کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لیے جیٹ طیارے مہیا کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کی ہے۔زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا:”ہم مضبوط ہو رہے ہیں۔ بنیادی مسئلہ یوکرین کے لیے ایف 16 ہے تاکہ ہمارے لوگوں کو روسی دہشت گردی سے بچایا جا سکے“۔
یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنکوف نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ یوکرین کے شہریوں کے لیے ایف 16 طیارے چلانے کی تربیت شروع کردی گئی ہے تاہم انھوں نے مزید کہا کہ انجینئروں اور مکینکوں کو تربیت دینے میں کم سے کم چھے ماہ اور ممکنہ طور پر اس سے بھی زیادہ وقت لگے گا۔گیارہ ممالک پر مشتمل اتحاد کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ڈنمارک اور رومانیہ میں یوکرینی ہوابازوں اور تکنیکی ماہرین کو ایف 16 لڑاکا جیٹ اڑانے اور دیکھ بھال کی تربیت دی جائے گی۔یوکرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس کےدرجنوں پائلٹوں کو تربیت دی جائے گی۔تاہم اس نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اسے یہ توقع نہیں کہ وہ اس موسم خزاں یا موسم سرما میں ایف-16 لڑاکا جیٹ استعمال کرنے کے قابل ہو جائے گا۔نیدرلینڈز یوکرین کو ایف 16 طیارے مہیا کر سکتا ہے کیونکہ اس کی مسلح افواج نئے ایف 35 لڑاکا طیاروں کو حاصل کررہی ہیں۔ہفتے کے روز زیلنسکی سویڈن میں تھے، جہاں انھوں نے گریپن جیٹ طیارے حاصل کرنے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
