نئی دہلی :نوجوان بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معاملہ روز ایک نیا موڑ لے رہا ہے۔ ایک طرف جہاں سی بی آئی اس معاملے سے وابستہ لوگوں سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے، وہیں آئے دن اس معاملے میں کسی نہ کسی کی واٹس اپ گفتگو سامنے آنے لگی ہے۔
اداکارسوشانت سنگھ راجپوت کی فیملی کے لوگوں نے بھلے ہی میڈیا اور پولیس کے سامنے یہی بیان دیا ہو کہ انہیں سوشانت کی بیماری کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی، لیکن ایسا لگتا نہیں ہے۔ سشانت سنگھ موت معاملے میں اب ان کی بہنوں کی بھی واٹس ایپ چیٹ سامنے آنے لگی ہے۔ ان چیٹس کو پڑھنے سے ایسا ہی لگتا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی بہنوں کو ان کی ذہنی صورتحال کے بارے میں تمام جانکاری تھی۔
یہاں تک کہ 8 جون کو ان کی بہن پرینکا سنگھ نے بھی انہیں کچھ دوائیوں کا مشورہ دیا تھا۔واضح رہے کہ کچھ دن پہلے سوشانت سنگھ راجپوت کی بڑی بہن نیتو سنگھ کی سوشانت سنگھ کی مینیجر شروتی مودی کے ساتھ کی گئی چیٹس سامنے آئی تھیں۔ اس چیٹ میں سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن ان کی پرسکرپشن اور ان کی دوائیوں کو لے کر بات کر رہی تھیں۔ اسی درمیان اب سوشانت سنگھ کی بہن پرینکا سنگھ کی بھی چیٹ سامنے آگئی ہے۔ اس چیٹ میں پرینکا سنگھ خود سوشانت سنگھ کو کچھ دوائیاں لینے کا مشورہ دے رہی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی چیٹس سے پتہ چلتا ہے کہ پرینکا سنگھ نے سوشانت سنگھ کو دہلی سے ہی ایک ڈاکٹر کا پرسکرپشن بھی دیا تھا۔وائرل چیٹس میں پرینکا اپنے بھائی سوشانت سنگھ راجپوت سے کہتی ہیں، پہلے ایک ہفتے تک ( لائی بیریم) لو، پھر ناشتے کے بعد روزانہ ایک بار ( ایم جی ٹین نیکسٹو)لینا۔ پرینکا کہتی ہے کہ ( لونازیپ)ہر وقت اپنے ساتھ رکھو اور جب کبھی بھی انزائٹی اٹیک آئے تو اسے لے لینا۔
پرینکا کے اس چیٹ کے جواب میں سوشانت سنگھ راجپوت لکھتے ہیں اوکے سونو دی، لیکن کوئی بھی ان دوائیوں کو بغیر پرسکرپشن کے نہیں دے گا۔ اس پر پرینکا کہتی ہیں، مجھے دیکھنے دو، اگر میں مینیج کرسکوں تو۔اس کے بعد پرینکاسنگھ، سوشانت سنگھ راجپوت کو ایک وائس کال بھی کرتی ہیں، لیکن سوشانت سنگھ اس کا جواب نہیں دیتے۔
اس کے بعد پرینکا پھر سوشانت کو میسیج کرتی ہیں اور کہتی ہیں بابو مجھے فون کرو، مجھے پرسکرپشن بھیجنی ہے۔ میری دوست ایک ڈاکٹر ہے، جو تمہیں ممبئی کے سب سے اچھے ڈاکٹر سے ملوا سکتی ہے۔ سب کانفیڈنشیل ہے، اس لئے پریشان مت ہونا۔ اس میسیج کے ساتھ انہوں نے ایک اٹیچمنٹ لگایا اور لکھا بابو یہ پرسکرپشن ہے۔ یہ دہلی کا ہے، لیکن میٹر نہیں کرتا، کچھ ہوا تو بتانا کہ آن لائن کنسلٹیشن بتانا۔ اس کے جواب میں سوشانت سنگھ کہتے ہیں، اوکے، تھینکیو سو مچ سونا دی۔