سری نگر:(اے یو ایس) شہر کے نشاط علاقے میں اتوار کو دہشت گردوں نے ایک دستی بم پھینکا، جس سے نو افراد زخمی ہوگئے۔ افسران نے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈل جھیل کے کنارے مغل گارڈن کے پاس یہ حملہ ہوا۔ افسران نے کہا کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ افسران نے کہا کہ سات زخمیوں کو ایس ایچ ایم ایس اسپتال لے جایا گیا اور دو کو ایس کے آئی ایم ایس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے، جبکہ راجوری ضلع میں کنٹرول لائن کے پاس اتوار کو فوج کے جوانوں نے ایک پاکستانی درانداز کو گرفتار کیا۔
راجوری کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد اسلم نے بتایا کہ نوشیرا سیکٹر کے سحر مرکی علاقے میں کنٹرول لائن کی پہرے داری کر رہے فوج کے جوانوں کو کسی درانداز کی مشتبہ سرگرمی نظر آئی اور انہوں نے اسے للکارا تو وہ بھاگنے لگا۔محمد اسلم نے کہا کہ اس درانداز پر گولی چلائی گئی، جس میں وہ زخمی ہوگیا اور اسے پکڑ لیا گیا۔ اس کا مقامی فوجی اسپتال میں علاج کرایا گیا اور اب اسے راجوری میں فوج کے اسپتال لے جایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ اور درانداز سے پوچھ گچھ بعد میں کی جائے گی۔ ذرائع نے درانداز کی پہچان پاکستان مقبوضہ کشمیر کے باشندہ 32 سالہ تبارک حسین کے طور پر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق تبارک حسین کے پاس سے کوئی مشتبہ اشیا نہیں ملی ہے اور وہ ایل او سی پار کرنے کی کوشش کیوں کر رہا تھا، پوچھ گچھ کے بعد ہی اس کا پتہ چل پائے گا۔