بارہ بنکی:(اے یو ایس)پوروانچل ایکسپریس وے پر پیر کی صبح ایک تیز رفتار بس سڑک کنارے کھڑی بس سے پیچھے سے ٹکرا گئی جس میں ایک بچہ سمیت 8 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہو گئے جن میں سے 18 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔
انہیں لکھنؤ ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔بہار سے دہلی جانے والی ڈبل ڈیکر بس پوروانچل ایکسپریس وے پر ایک ڈھابے پر رکی تھی۔ جہاں مسافر ناشتہ کرتے ہیں۔ تاہم مسافر بس میں ہی بیٹھے رہے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک اور ڈبل ڈیکر بس نے اسے زور سے ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ آٹھ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملتے ہی اے ایس پی منوج پانڈے لونی کٹرا پولیس موقع پر پہنچے اور راحت وبچاﺅ کا کام شروع کیا۔ بسوں کو کرینوں کی مدد سے ہٹایا گیا اور ٹریفک دوبارہ شروع کر دی گئی۔اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے گاو¿ں کے لوگ بھی جمع ہو گئے۔ گاو¿ں والوں نے بسوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے اور انہیں اسپتال لے جانے کےلئے گاڑیاں پہنچانے میں بھی مدد کی۔لاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور زخمیوں کو علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
صوبہ بہار کے مدھوبنی ضلع کے کالا پٹی گاؤں کے رہنے والے سدھا نارائن جھا کی موت ہو گئی ہے۔ سات لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دریں اثناءپولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ وتس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جن کی حالت نازک ہے انہیں کے جی ایم یو ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرنے والوں کے اہل خانہ کی شناخت کر کے مطلع کیا جا رہا ہے۔
