نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے نربھیا اجتماعی جنسی زیادتی و قتل کیس کے چاروں مجرموں کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کر کے ان چاروں کو یکم فروری کی صبح 6بجے پھانسی دینے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ستیش کمار اروڑہ نے یہ ڈیتھ وارنٹ کیس میں چاروں میں سے ایک مجرم مکیش کمار سنگھ کی اس اپیل کی سماعت کرتے ہوئے کی جس میں اس نے 22جنوری کو اپنی سزائے موت پر عمل آوری کی تاریخ ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔
جمعہ کو ہی تہاڑ جیل کے عہدیداروں نے ان چاروں کے خلاف تازہ ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کہا تھا۔سرکاری استغاثہ عرفان احمد نے عدالت کو بتایا کہ صدر رام ناتھ کووند نے مکیش کی رحم کی درخواست رد کر دی ہے۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر 2012 کو دہلی میں ایک23سالہ میڈیکل طالبہ سے جس کو نربھیا نام دیا گیا تھا 6 لڑکے ایک نجی بس میں اجتماعی جنسی زیادتی کی اور سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے ۔
اس طالبہ کو شدید زخمی حالت میں دہلی کے صفدرجنگ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں مصنوعی آلات تنفس کے ذریعہ علاج کیا گیا لیکن 13 دن بعد 26 دسمبر کو طالبہ کے پوشیدہ اعضا میں زبردست چوٹوں اور شدید پھٹن کے سبب سنگاپور ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں 29 دسمبر کو وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئی۔
نربھیا 16دسمبر کی شام میں جنوبی دہلی کے ایک سنیما ہال میں فلم دیکھنے کے بعد اپنے ایک ساتھی کے ساتھ ایک بس میں سوار ہوئی اس بس میں ڈرائیور کے علاوہ مزید پانچ افراد تھے جو سب ڈرائیور کے دوست تھے۔
جنہوں نے چلتی بس میں اس سے جنسی زیادتی کی۔اور پھر سڑک پر پھینک دیا۔ ان6 میں سے ایک نابالغ تھا جسے تین سال بعد رہا کر دیا گیا جبکہ رام سنگھ نام کے ایک مجرم نے تیہاڑ جیل میں خودکشی کر لی۔